بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا، عبدالحمید بٹ

جمعہ 6 مارچ 2020 18:14

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نظر بندوں کو فوری طور پر رہا کرے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عبدالحمید بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طر ف سے پلوامہ میں طارق احمد شاہ اور اُن کی بیٹی انشاء جان کی گرفتاری اور انہیں کسی نامعلوم جگہ پر منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ ٓازادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بیگناہ لوگوں خاص طور پر خواتین کوحراست میں لے کر انہیں اذیتیں دینااور انہیں اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا ایک شرمناک فعل ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالحمید بٹ نے انشاء جان اور اس کے والد کی فوری طور رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت دیگر آزادی پسند رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کرنے اورمحمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کی فوری رہائی کے لیے دنیا بھر میں احتجاجی مہم شروع کر رکھی ہے اور اس مہم کے سلسلے میں یورپی ملکوں کے علاوہ امریکہ ، کینڈا، گلف زون کے مختلف ملکوں ، پاکستان اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے اور سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں۔ عبدالحمید بٹ نے بڑی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن ، فوری اور مستقل حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔