پاکستان کی کابل میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت، جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی

تمام فریقین افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے قیام کیلئے تعمیری جذبے کیساتھ مل کر کام کریں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 6 مارچ 2020 18:43

پاکستان کی کابل میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2020ء) پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گرد انہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے قیام کیلئے تعمیری جذبے کیساتھ مل کر کام کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونیوالے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان نائب صدر عبداللہ عبداللہ کے دھماکے میں محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغان تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی مسلسل حمایت کی ہے اور یہ قیام امن کیلئے ایک تاریخی موقع ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کیلئے تعمیری جذبے کیساتھ مل کر کام کریں۔