امن معاہدے کے بعد افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلاء شروع، 4400 فوجی اہلکار واپس روانہ

منگل 10 مارچ 2020 21:53

امن معاہدے کے بعد افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلاء شروع، 4400 فوجی ..
کابل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) امریکہ نے طالبان کے ساتھ تاریخی امن معاہدے کے تحت افغانستان سے اپنی افواج کا انخلاء کا عمل شروع کر دیا ہے ، 4400 فوجی اہلکار افغانستان سے واپس امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان امن عمل میں ایک اور بڑی پیشرفت ہوئی ہے، طالبان اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے کے بعد امریکہ نے معاہدے کی پاسداری پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل شروع ہو گیا ہے اور افغانستان کے دو ہوائی اڈوں سے امریکی فوج کے 4400 اہلکار واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔ امریکہ افغانستان میں طویل جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے اور اسی حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پایا تھا۔ امن معاہدے کے تحت 8600 فوجی اہلکار 14 ماہ کے دوران افغانستان چھوڑ دیں گے۔ افغانستان میں امریکی افواج کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ اپنی فوج کی تعداد میں کمی کے باوجود القاعدہ اور داعش کے خلاف انسداد دہشت گردی آپریشنزاور افغان فورسز کی حمایت جاری رکھے گا۔