ایبٹ آباد میں (کل) مزید بارش اور پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان

جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکمہ جات گلیات اور ٹھنڈیانی میں سڑکوں کی صفائی میں مصروف عمل

منگل 10 مارچ 2020 22:11

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) محکمہ موسمیات کی حالیہ پیشن گوئی کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ایبٹ آباد میں بھی (کل) بدھ سے مزید بارش اور پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات گلیات اور ٹھنڈیانی میں سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سے مقامی افراد اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ گلیات، ٹھنڈیانی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران مشکلات سے بچنے کیلئے گاڑی میں پٹرول اور گیس کی مناسب مقدار برقرار رکھیں، کھانے پینے کی ضروری اشیاء، پانی، بسکٹ اور خشک میوہ جات اپنے ساتھ ضرور رکھیں، گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کم رکھیں اور پھسلن سے بچنے کیلئے چین کا استعمال کریں، گاڑی پہلے یا دوسرے گیئر میں چلائیں اور بریک کا استعمال کم کریں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑی کے برف اور کہرے پر پھسلن سے بچنے کیلئے لوہے اور سٹیل کی چین کا استعمال کریں، برف پر چلنے والے جوتے استعمال کریں، عورتوں اور بچوں کو ساتھ لانے سے گریز کریں، گرم کپڑوں کا استعمال کریں، پہاڑی ٹیلوں کے عقب اور ندی نالوں کے قریب قیام کرنے سے گریز کریں تا کہ لینڈ سلائیڈ اور سیلابی ریلوں سے حفاظت ممکن ہو، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں درج زیل نمبرات ضلعی کنٹرول روم 0992-9310200 اور 0992-9310553، کنٹرول روم گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی 03411112226 اور 09929310423، پولیس کنٹرول روم 0992-9310033 سمیت ریسکیو ایمرجنسی سروسز 1122 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔