عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار اداکرے، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

جمعرات 12 مارچ 2020 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد بندکرانے او ر تنازعہ کشمیرکے حل لیے کردار ادا کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں حریت دفتر پر منعقد ہوا۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری جارحانہ بھارتی اقدامات پر غور وخوض کیا گیا۔اجلاس کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خطیب نے کی۔ اس موقع پر حریت کی مختلف اکائیوں کے نمائندوں نے تحریک آزادی کو آگے بڑھانے اور کشمیر کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے بھارتی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شکر پڑیاں اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیارے کے حادثہ میں شہید ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں کل حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سید علی گیلانی کی شفایابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔اجلاس میںمحمد فاروق رحمانی ،عبدالمجید ملک،شیخ عبدالمتین،اشتیاق حمید،نثار مرزا،حاجی سلطان بٹ،راجہ خادم حسین،عبدالمجید میر،عدیل مشتاق وانی اور امتیاز وانی شریک تھے۔