آئندہ ہفتے سے کورونا ٹیسٹ1000 روپے میں ہوگا، فواد چودھری

نسٹ یونی ورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرلی ہے، پاکستانی کٹس منگوانے کیلئے امریکی کمپنی نے بھی رابطہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 مارچ 2020 22:35

آئندہ ہفتے سے کورونا ٹیسٹ1000 روپے میں ہوگا، فواد چودھری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مارچ 2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے کورونا ٹیسٹ1000 روپے میں ہوگا، نسٹ یونی ورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرلی ہے، پاکستانی کٹس منگوانے کیلئے امریکی کمپنی نے بھی رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ نسٹ یونی ورسٹی نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کی ہے، جو کہ بہت معیاری ہے۔

پاکستان میں تیار کردہ کٹس منگوانے کیلئے امریکی کمپنی نے بھی رابطہ کیا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی تیار کردہ کٹس سے آئندہ ہفتے سے کورونا ٹیسٹ صرف ایک ہزار روپے میں ہوگا۔ واضح رہے اس وقت ملک میں کورونا ٹیسٹ 7900میں کیا جارہا ہے، جبکہ شوکت خانم ہسپتال میں ہی حکومت کی فراہم کردہ کٹس کی بناء پر مفت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے ملک بھر کورونا کے خلاف اقدامات کی فہرست جاری کر دی ۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک بھر میں آئیسولیشن بیڈز کی تعداد 2942 ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف 216 آئسولیشن سنٹرز کام کر رہے ہیں،ملک بھر میں 23557 بیڈز پر مشتمل 139 کورنٹائن سنٹرز قائم ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرزکے مطابق 6.1ملین سرجیکل ماسک ، ہزمت سوٹ 2509، تھرمل گنز 275 اور 15000 این 95 ماسک خرید لئے گئے ہیں۔چھیانوے ہزار ٹیسٹ کی اہلیت کے ساتھ 1000 ٹیسٹنگ کٹس کی خریداری کا آرڈر دے دیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے مطابق 345وینٹیلیٹرز، 10500 این 95 ماسک کے لئے بھی آرڈر دے دیا گیا، 20 ہزار سینیٹائزرز، چھ ملین مزید سرجیکل ماسک کے بھی آرڈرز دے دیے گئے، تفتان بارڈر پر کورنٹائن کے لئے چھ سو کمرے موجود ہیں ،چمن بارڈر پر تین سو اور تورخم بارڈر پر بھی تین سو کمرے موجودہیں۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے مطابق انہتر ہزار مسافروں کے ٹریس ، ٹریک اور ٹیسٹ کرنے کے موڈیول موجودہیں،تمام موبائل کمپنیز کے ذریعے عوام تک پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں، ایئرپورٹس ، ریلوے اور بس اسٹیشنز پر آگاہی کے لئے پمفلٹس تقسیم کیے جارہے ہیں ، دو سو پچھہتر بیڈز پر مشتمل آیسولیشن اسپتال بنایا جا رہا ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے مطابق تمام لینڈ بارڈرز اور کوسٹ لائنز پر سخت چیکنگ کا نظام موجودہے ،وینٹی لیٹرز ہینڈلنگ کے لئے پانچ ہزار کا پیرا میڈک سٹاف موجود ہے۔