Live Updates

میرے حلقے میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے والوں کو مریم نواز کی تصویر لگانے کا کہا جاتا ہے

سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے جن لوگوں نے ایسا نہیں کیا انہیں گرفتار کر لیا گیا، سابق وزیر دانیال عزیز کا انکشاف

muhammad ali محمد علی اتوار 14 ستمبر 2025 00:08

میرے حلقے میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے والوں کو مریم نواز کی تصویر لگانے ..
شکرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء) دانیال عزیز کے مطابق میرے حلقے میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے والوں کو مریم نواز کی تصویر لگانے کا کہا جاتا ہے، ایسا نہ کرنے پر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سیلاب کے معاملے پر ناصرف مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ساتھ ساتھ سنگین الزام بھی عائد کر دیا گیا۔

دانیال نے کہا کہ میرے حلقے میں جو بھی اپنی حیثیت میں سیلاب زدگان کی مدد کرنا چاہتا ہے، اسے کہا جاتا ہے مریم نواز کی تصویر لگائیں۔ میرے حلقے میں ایسا نہ کرنے پر لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا اور پھر 2،2 دن بعد ان کی ضمانت ہوئی۔ جبکہ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بھی اس حوالے سے مریم نواز حکومت پر الزام عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک حالیہ بیان میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت نے بہترین انداز میں سیلاب سے نمٹا ہے، خیبرپختونخواہ میں ایک آئینی جبکہ پنجاب میں غیرآئینی حکومت قائم ہے، ہمارے کارکنان کو سیلاب متاثرین کی امداز کرنے سے روکا جارہا ہے۔

سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے تھیلے پر مریم نواز کی تصاویر کے بغیر ہم مدد نہیں کرسکتے، دکھ کی گھڑی میں سیاست سیاست کھیلنا کسی بھی طور پر جائز نہیں ہے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سیلاب کی آفت نے زرعی معیشت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں، 21 لاکھ ایکڑسے زائد پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ماہرین کے مطابق یہ صرف قدرتی آفت نہیں بلکہ حکومتی نااہلی اور بروقت اقدامات کی کمی نے تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے ۔

کپاس کی 1 لاکھ 10 ہزار 850 ایکڑ فصل پانی میں بہہ گئی جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے ۔ چاول کی 9 لاکھ 70 ہزار 929 ایکڑ فصل زیرِ آب آگئی۔ مکئی کی 1 لاکھ 86 ہزار 419 ایکڑ فصل برباد ہوگئی ۔ گنے کی 2 لاکھ 20 ہزار 344 ایکڑ فصل تباہ، شوگر ملز کی سپلائی متاثرہوگی۔ چارہ کی 4 لاکھ 500 ایکڑ فصل، سبزیوں کی 1 لاکھ 15 ہزار 260 ایکڑ فصل بربادہوگئی۔

حکومتی اعدادوشمار کے مطابق بہاولپور میں 320 دیہات اور 2 لاکھ 81 ہزار 714 ایکڑ متاثر ہوئے ، ڈیرہ غازی خان میں 280 دیہات اور 1 لاکھ 24 ہزار 462 ایکڑ، ملتان ڈویژن میں 372 دیہات اور 2 لاکھ 97 ہزار 39 ایکڑ، ساہیوال میں 308 دیہات اور 2 لاکھ 21 ہزار 286 ایکڑ متاثر ہوئے ۔ فیصل آباد سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 622 دیہات اور 4 لاکھ 48 ہزار ایکڑ رقبہ ڈوبا۔ سرگودھا میں 23 دیہات اور 12 ہزار 73 ایکڑ، لاہور میں 275 دیہات اور 1 لاکھ 49 ہزار 732 ایکڑ، گوجرانوالہ میں 800 دیہات اور 3 لاکھ 1 ہزار 983 ایکڑ، جبکہ گجرات میں 387 دیہات اور 2 لاکھ 89 ہزار 549 ایکڑ متاثر ہوئے ہیں۔

کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر فوری ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو دیہاتوں میں بھوک، غربت اور زرعی دیوالیہ پن کا طوفان اٹھے گا جو برسوں تک ملکی معیشت کو ہلا کر رکھ دے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات