وفاقی حکومت نے کورونا کے باعث اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی

اسلام آباد میں تمام فوڈ مراکز بند رہیں گے، جبکہ ہوم ڈلیوری جاری رہے گی،رات 8 بجے تک فارمیسی، کلینکس، گروسری اسٹورز، تندور اور پٹرول پمپ کے علاوہ باقی شاپنگ مالز بند کر رہیں گی۔ معاون خصوصی فردوس عاشق کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 مارچ 2020 22:14

وفاقی حکومت نے کورونا کے باعث اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مارچ 2020ء) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام فوڈ مراکز بند رہیں گے، جبکہ ہوم ڈلیوری جاری رہے گی،رات 8 بجے تک فارمیسی، کلینکس، گروسری اسٹورز، تندور اور پٹرول پمپ کے علاوہ باقی شاپنگ مالز بند کر رہیں گی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے وزیراعظم کے احکامات کے تحت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

تمام ریستوران، فوڈ مراکز اور کیفے بند رہیں گے۔ ٹیک اوے، ہوم ڈلیوری جاری رہے گی۔ رات 8 بجے تک تمام دکانیں بند کردی جائیں گی۔ فارمیسی، کلینکس، گروسری سٹورز، بیکری، تندور، اور پٹرول پمپ وغیرہ کھلے رہیں گے۔
مزید برآں انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں عوام کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے مکمل لاک ڈاؤن کیا تو غریب لوگ مشکل میں آجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی سنی سنائی باتوں اور مشوروں پر عمل کر کے کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، قیادت افراتفری پید انہیں کرتی بلکہ افراتفری کو ختم کرتی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک نے بھی بحری جہاز کو قرنطینہ مرکز میں تبدیل کر کے کام چلایا، چین سے طلبہ کی پاکستان منتقلی پر حکومت نے تمام تر تنقید برداشت کر کے فیصلہ کیا، ٹی وی چینلز نے تو افراتفری پھیلانے کے لئے براہ راست ٹرانسمیشن کرنا شروع کر دی تھی کہ حکومت طلبا کو چین سے واپس نہیں لا رہی لیکن چین سے پاکستانی طلبا سے متعلق حکومت کا فیصلہ وقت کے ساتھ درست ثابت ہوا لاک ڈاؤں سے متعلق ترتیب وار فیصلے کئے جائیں گے پہلے مرحلے میں عوام کو خود کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کا کابینہ میں واپسی کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔ قوم نے یکجا ہوکر کورونا کے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔ ایم کیوایم کی کابینہ میں شمولیت کراچی کے شہریوں کی بہتری کیلئے حکومتی کاوشوں کو تقویت دے گی۔