کورونا وائرس سے بچائو کیلئے لوگوں کو آگاہی دینے کے حوالہ سے میڈیا اور سیاسی جماعتوں کا کردار قابل تحسین ہے،شہری اس وباء کے پیش نظر گھروں پر صحت افزاء مصروفیات ترتیب دیں،

بچوں کی اچھی تربیت پر توجہ دیں اور الله پر بھروسہ رکھیں، اپنی صحت اور غذاء کا خیال رکھتے ہوئے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ویڈیو پیغام

منگل 24 مارچ 2020 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے لوگوں کو آگاہی دینے کے حوالہ سے میڈیا اور سیاسی جماعتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اس وباء کے پیش نظر گھروں پر صحت افزاء مصروفیات ترتیب دیں، بچوں کی اچھی تربیت پر توجہ دیں اور الله پر بھروسہ رکھیں، اپنی صحت اور غذاء کا خیال رکھتے ہوئے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

منگل کو کورونا کے بارے میں آگاہی دینے کے حوالہ سے ایک ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کورونا وائرس کے متعلق آگاہی کے بارے میں میڈیا، سیاسی جماعتوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا علاج یہ ہے کہ اپنی صحت اور غذاء کا خیال رکھیں اور خود کو الگ رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے 90 فیصد لوگوں میں اس کا اثر خود ہی ختم ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ جن لوگوں کو سانس لینے میں دقت پیش آتی ہے انہیں ہسپتال سے رجوع کرنا چاہئے تاہم عام بخار جیسی علامات کے ساتھ اپنے طور احتیاط کی جائے تاکہ ہسپتالوں میں ان مریضوں کو طبی سہولیات میسر آ سکیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے علاج کے حوالہ سے دنیا میں تحقیق ہو رہی ہے، اس کی ویکسین کا کہا جا رہا ہے کہ اس کی تیاری میں شاید ایک سال کا عرصہ لگ جائے۔

پاکستان سے کچھ ادویات چین بھیجی گئیں جو سانس کی تکلیف اور معمر افراد کے علاج کیلئے مؤثر ثابت ہوئی ہیں تاہم ان کے مضر اثرات بھی ہیں اس لئے انتہائی ضرورت میں ہی مریضوں کو دی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے خود کو گھروں میں محدود کیا ہے لیکن اس حوالہ سے پریشان نہیں ہونا چاہئے، یہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنے اور اچھی تربیت فراہم کرنے کا موقع ہے، صحت افزاء مصروفیات کو ترتیب دیں، عزیزوں کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ رکھیں اور خود کو عبادات میں مشغول رکھیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس حوالہ سے ایک حدیث بھی ہے جس کا مفہوم ہے کہ کسی وباء کی وجہ سے گھر میں محصور ہو جائو تو الله تعالیٰ پر بھروسہ رکھو، اس کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہو گا، موت آ بھی گئی تو شہادت کا رتبہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں قیام کے دوران ماحول اچھا رکھیں اور الله کا شکر ادا کرتے رہیں۔