کورونا کے نقصانات سے بے خوف شہریوں نے غیر ذمہ داری کی حد کر دی

نہ لاک ڈاؤن کی پرواہ نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال،بس میں سامان رکھنے کی جگہ پر سواریوں کو بٹھا کر لینے کی ویڈیو سامنے آ گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 مارچ 2020 14:50

کورونا کے نقصانات سے بے خوف شہریوں نے غیر ذمہ داری کی حد کر دی
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-25مارچ2020ء) کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے۔کورونا وائرس کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں کیا گیا تاہم ماہرین کی جانب سے بار بار لوگوں کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں کیونکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ہی کرونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے نقصانات کا اندازہ اٹلی کو دیکھ کر کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں بھی طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو بار بار ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔لیکن شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔اسی حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک بس میں سامان رکھنے کی جگہ پر سواریوں کو بٹھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو بنانے والے شخص کا کہنا ہے کہ سواریوں کو اس جگہ پر بٹھا کر لے کے جایا جا رہا ہے جہاں پر عام طور پر سامان کو رکھا جاتا ہے۔

کوئی ان کو روکنے والا نہیں ہے۔لوگ نہ تو لا ک ڈاؤن کی پرواہ کر رہے ہیں اور نہ ہی ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔بس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے ہیں جس سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور بس کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف سخت ایکشن لینے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1039ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے 18 مریض مکمل صحت یاب ہو گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس کے 18 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں جو کہ ملکی مجموعی صورت حال کے پیش نظر ایک اطمینان بخش خبر ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 422000 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک افراد کی تعداد 18891 تک جا پہنچی ہے۔ اسی کے ساتھ ایک اچھی خبر یہ بھی ہے کہ وائرس سے متاثرہ 108879 افراد صحب یاب بھی ہوئے ہیں۔