23مارچ سے آزادکشمیربھر میں ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکا،لوکل اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے انٹری پوائنٹس سے داخلہ پر مکمل پابند ی عائد

بدھ 25 مارچ 2020 18:05

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) 23مارچ2020 سے آزادکشمیربھر میں ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکاہے۔اس عرصہ میں لوکل اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے انٹری پوائنٹس سے داخلہ پر مکمل پابند ی عائد ہے۔مظفرآباد میں چند ایک ضروری محکمہ جات کے علاوہ دیگر تمام محکمہ جات بند رہیں گے۔جن محکمہ جات کے دفاتر کھلے رہیں گے ان میں چیف سیکرٹری آفس،انتظامیہ،سروسز،قانون،بلدیاتی ادارہ جات،پولیس،محکمہ اطلاعات،لوکل گورنمنٹ، SDMA برقیات صحت عامہ،مالیات،پبلک ہیلتھ، بینکس کھلے رہیں گے۔

جس کی نسبت محکمہ داخلہ سے نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔جومحکمہ جات حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کھلے رہیں گے ایسے محکمہ جات کے سربراہان Essential Staffکی فہرست مرتب کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفائی کریں گے اور اس نوٹیفکیشن کی کاپی محکمہ داخلہ و انتظامیہ کو ارسال کریں گے۔

(جاری ہے)

ہرملازم اپنے گلے میں سروس کارڈ لٹکائے گا۔ اسی طرح جن سرکاری گاڑیوں کا استعمال ناگزیر ہو گاان کی فہرست بھی مرتب کرتے ہوئے ارسال کریں گے۔

سرکار ی گاڑیاں صرف گھرسے دفتر اور دفتر سے گھر آنے جانے کے لیے استعمال کی جاسکیں گی اور دفترکھلنے کے وقت اور بند ہونے کے وقت روڈ پر چلیں گی یا انتہائی ایمرجنسی میں مکمل جوازیت کے ساتھ سٹرک پر چل سکیں گی۔سرکاری ملازمین پرائیویٹ گاڑیوں کے استعمال کی صورت میں صرف ڈرائیور کے ساتھ سفر کریں گے اور غیر متعلقہ افراد گاڑی میں سوار نہیں کریں گے۔