پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس ، وزیراعظم کے جانے کے بعد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زر داری کا واک آئوٹ

بدھ 25 مارچ 2020 22:46

پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس ، وزیراعظم کے جانے کے بعد شہباز شریف اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) اسپیکر قومی اسد قیصر کی جانب سے منعقد کی گئی ویڈیو لنک کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے اٹھ کر جانے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واک آؤٹ کر دیا جبکہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ تاریخ کی بدترین وبا نے ملک کو گھیرا ہوا ہے اور وزیر اعظم اس مسئلے کے حل کیلئے بلائی کانفرنس میں موجود نہیں۔

بدھ کو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ایوان بالا و زیریں کے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو لنک کانفرنس میں وزیراعظم کے خطاب کے بعد اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران کانفرنس میں وزیراعظم کی موجودگی کے بارے میں اسپیکر سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم یہاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیکر کے جواب پر شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہے سنجیدگی کا عالم ہے ، تاریخ کی سب سے بڑی وبا نے ملک کو گھیرا ہوا ہے ، آج ہم یہاں سیاست کرنے تو نہیں آئے ہیں، ہم یہ بات کرنے آئے تھے کہ اس وبا کو کیسے قابو کیا جائے، کس طرح ہم مل کر لوگوں کے مسیحا بنیں تاہم وزیراعظم اس موقع پر موجود نہیں، اس کے بعد شہباز شریف واک آؤٹ کرکے چلے گئے ۔

شہباز شریف کے واک آؤٹ کے بعد بلاول ہاؤس کراچی میں موجود پیپلزپارٹی کے چیئرمین جو اس ویڈیو کانفرنس میں شہباز شریف کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ انتظار کر رہے تھے، وہ شہباز شریف کے ساتھ واک آؤٹ کرگئے تاہم ن لیگ کے پارلیمانی رہنما کانفرنس کے اندر اور ویڈیو لنک کے ذریعے موجود رہے۔