مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں کورونا وائرس سے پہلی موت

جمعرات 26 مارچ 2020 10:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں کورونا وائرس سے پہلی موت ہوئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو سرینگر کے چیسٹ ڈزیز ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 65 سالہ شخص لقمہ اجل بن گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ مقبوضہ کشمیر میں اس بیماری کے سبب ریکارڈ کی گئی پہلی ہلاکت ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق مریض کو اس سے پہلے شوگر، بلڈ پریشر اور موٹاپے کے عوارض لاحق تھے۔ ہسپتال انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری بھرپور کوششوں کے باوجود چیسٹ ڈزیز ہسپتال میں کووِڈ 19 کے پازیٹیو مریض جاں بحق ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ مریض سرینگر کے علاقے حیدرپورہ کا رہائشی اور سوپور سے تعلق رکھتا تھا اور حال ہی میں نئی دہلی، اترپردیش اور جموں میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس آیا تھا۔

(جاری ہے)

اس اجتماع میں انڈونیشیا اور ملائیشیا سے لوگ بھی شریک تھے۔ اب تک مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ ہے جبکہ مجموعی طور پر مقبوضہ علاقے میں 11 کیسز ہیں۔ رواں ماہ ہی جموں سے تین کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 468,523 ہوگئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21,276 سے تجاوز کرچکی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی، سپین، چین، ایران، فرانس اور امریکہ میں ہوئیںہیں۔اگرچہ ہلاکتوں میں اٹلی سرِفہرست ہے مگر کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز اب بھی چین میں زیادہ ہیں۔