پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ غیر معیاری اور غیر تصدیق شدہ بیجوں کااستعمال ہے، ماہرین جامعہ زرعیہ

جمعرات 26 مارچ 2020 13:40

فیصل آباد۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ غیر معیاری اور غیر تصدیق شدہ بیجوں کااستعمال ہے جبکہ پنجاب میں گزشتہ سال تقریباً صرف 13فیصد تصدیق شدہ بیج کاشت کیاگیا حالانکہ اس کے برعکس امریکہ میں تصدیق شدہ بیجوں کی کاشت کی شرح 99، چین میں 95 ، بھارت میں 83 فیصد ہے۔ ماہرین جامعہ زرعیہ نے بتایاکہ دنیابھر میں اس وقت 60سے زیادہ ممالک کپاس کاشت کر رہے ہیں جن میں پاکستان کل پیداوار کے لحاظ سے چوتھے جبکہ فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے 16ویں نمبر پر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار اپریل میں شروع ہونے والی کپاس کی کاشت کے دوران تصدیق شدہ اور معیاری بیج استعمال کریں تو کپاس کی پیداوار میں شاندار اضافہ کیاجاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں پنجاب کے زمیندار وں ، کاشتکاروں ، کسانوں پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ کپاس کی ملکی مجموعی پیداوار کا 80فیصدحصہ پنجاب میں کاشت ہوتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب میں تقریباً 52لاکھ 95ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت کی گئی جو اس سے پچھلے سال کے کاشتہ 57لاکھ 5ہزار ایکڑ رقبے سے تقریباً 8.85فیصد کم تھی۔ انہوںنے کہاکہ کپاس دنیا کی ایک اہم ترین ریشہ دار فصل ہے جس کی بھرپور کاشت کرکے ملکی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ خطیر زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکتاہے۔