لاک ڈاؤن کے دوران پہلا احتجاج ‘ ریلوے ملازمین کا کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر مظاہرہ

سینکڑوں افراد کے جمع ہونے کی ویڈیو وائرل ، ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں ، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی انتظامات کئے جائیں ۔ ریلوے کیرج ورکشاپ ملازمین

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعرات 26 مارچ 2020 14:16

لاک ڈاؤن کے دوران پہلا احتجاج ‘ ریلوے ملازمین کا کورونا سے بچاؤ کیلئے ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین26مارچ 2020ء ) ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران پہلا احتجاج ، ریلوےکیرج ورکشاپ کے سینکڑوں بزرگ ملازمین احتجاج کرتے ہوئے ورکشاپ کے باہر جمع ، ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان نے بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بزرگ افراد اس وائرس سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں ۔

تاہم وفاقی وزارت ریلوے کی جانب سے کیرج ورکشاپ کے ملازمین کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوسری جانب ریلوے ملازمین نے ورکشاپ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرا یا ہے۔ جہاں ملک بھر میں کسی ایک شخص کو بھی غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ویہی بزرگ ریلوے ملازمین اپنے زندگیوں کی حفاظت کیلئے احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریلوے ملازمین جن میں زیادہ تر تعداد بزرگ ملازمین کی ہے سینکڑوں کی تعداد میں موجود ہیں۔ پولیس کی گاڑیاں بھی موقع پر موجود ہیں تاہم اس احتجاج کو منتشر کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں وزارت ریلوے کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی انتظامات کرے۔
کشیدہ صورتحال میں ملازمین کا احتجاج کورنا وائرس کی روک تھام میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے۔

سینکڑوں افراد کا اکٹھا ہونا کسی خطرے سے کم نہیں ہے۔ جبکہ وزارت ریلوے کی جانب سے تاحال کوئی موقف سامنے نہ آ سکا ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ آٹھ افراد اس خطرناک وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔