پینٹاگون نے بیرون ممالک میں 60 روز تک امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے احکامات جاری کر دیئے

جمعرات 26 مارچ 2020 15:30

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے بیرون ممالک میں 60 روز تک امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون چیف نے گزشتہ روز بتایا کہ محکمہ دفاع کے اس اقدام سے دنیا بھر میں امریکی فورسز متاثر ہوں گی۔

(جاری ہے)

مارک ایسپر نے کہا کہ یہ احکامات امریکی فوجیوں، سویلین اہلکاروں اور خاندانوں پر لاگو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم کورونا وائرس کو واپس امریکا نہیں لا رہے، نہ دوسروں کو متاثر کر رہے ہیں اور نہ ہی ہم اس وائرس کو فوج میں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کا عمل متاثر نہیں ہو گا بلکہ یہ اسی طرح جاری رہے گا۔ امریکہ نے گزشتہ ماہ طالبان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے کہ وہ 135 روز کے اندر افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد 13,000سے کم کر کے 8,600 کر دیں گے۔