پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں جاری مواصلاتی بندش پر گہری تشویش کا اظہار

، بھارتی حکومت کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں مواصلاتی بندش فوری ختم کرے اور وہاں میڈیکل ٹیموں کو جانے اور سپلائی فراہم کرنے کی اجازت دے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 26 مارچ 2020 18:20

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں جاری مواصلاتی بندش پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مواصلاتی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ بھارتی حکومت کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں مواصلاتی بندش فوری ختم کرے اور وہاں میڈیکل ٹیموں کو جانے اور سپلائی فراہم کرنے کی اجازت دے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو انفارمیشن کے حق اور کورونا وبا سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لئے ناگزیر ادویات اور طبی سہولیات سے محروم کر دیا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کی مشکلات سے بھی دیگر وزرائے خارجہ کو آگاہ کیا ہے۔ پاکستان نے دنیا بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حالیہ دنوں میں سارک ملکوںکے وزراء خارجہ سے ٹیلی فونک رابطوں میں سارک عمل میں پاکستان کے عزم کا اعاد کیا۔

وزیر خارجہ نے کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لئے سارک وزراء صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں پھنسے پاکستانیوں کا تحفظ اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنانا حکومت اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کی اولین ترجیح ہے، ہمارے مشنز مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطوں میں ہیں اور پاکستانی شہریوں کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔