لاک ڈائون کی وجہ سے فی غریب گھرانہ تین ہزار روپے کی مالی امداد بہت تھوڑی ہے اس پر نظر ثانی کی جائے، ایڈون سہوترا

جمعرات 26 مارچ 2020 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) پیپلز پارٹی کے رہنما ایڈون سہوترا نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے فی غریب گھرانہ تین ہزار روپے کی مالی امداد بہت تھوڑی ہے اس پر نظر ثانی کی جائے اور اس رقم کو بھی بڑھایا جائے اور غریبوں کے گھروں میں حکومت اپنے ارکان اسمبلی کے زریعے راشن پہنچائیں اس طرح سے لوگ گھروں سے باہر بھی نہیں نکلیں گے اور ان کی مالی امداد بھی ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے پی ٹی آئی والے اپنی الیکشن مہم میں کروڑوں روپے خرچ کرتے رہے ہیں ٹھیک اسی طرح سے کروڑوں روپے غریبوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں حکومت کو معلوم ہے کہ غریبوں کی بستیاں کہاں کہاں ہیں ان کے گھروں میں جا کر انہیں ضروری راشن مہیا کیا جائے اس طرح سے یہ غریب لوگ اپنے گھروں میں بھی رہیں گے اور ان کی زندگی کی ضروری چیزیں بھی ان کے گھروں کی دہلیز میں انہیں مل جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے تو اپنے قائدین قمر زمان کائرہ ‘ چودھری اسلم گل ‘ چودھری منظور اور عثمان ملک کی ہدائت پر عمل کرتے ہوئے غریب گھرانوں کے پاس جا کر انہیں راشن کی تقسیم شروع کردی ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکا انہیں سینی ٹائزر اور امسک بھی فراہم کررہا ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے اور یہی پیپلز پارٹی کا منشور بھی ہے۔