کل سے بینکنگ سیکٹر بھی جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان

کل سے کمرشل بینکوں کی برانچز بند کر دی جائیں گی، آن لائن اور اے ٹی ایم سروس جاری رہے گی: نجی ٹی وی چینل کا دعویٰ

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 مارچ 2020 22:09

کل سے بینکنگ سیکٹر بھی جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2020ء) کل سے بینکنگ سیکٹر بھی جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان، کل سے کمرشل بینکوں کی برانچز بند کر دی جائیں گی، آن لائن اور اے ٹی ایم سروس جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث بینکنگ سیکٹرجزوی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

کل بروز جمعہ سے بینکوں کی بیشتر برانچیں بند کر دی جائیں گی۔ بینک برانچز کو بند کر کے بینکنگ سروسز اے ٹی ایم اور آن لائن سروسز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے فی الحال اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ موجودہ حالات میں ملک بھر میں جزوی لاک ڈاون کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے حالات بہتر نہ ہونے کی صورت میں آنے والے دنوں میں مزید سخت اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہونے کا خدشہ ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 11 سو سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 130 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں کوروناوائرس کےمصدقہ مریضوں کی تعداد 405، بلوچستان100 سے زائد، سندھ417،آزاد کشمیرمیں ایک کیسز ہیں۔ جبکہ ابھی تک 21مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔