سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزادکشمیر کے شہریوں کیلئے گھریلو قرنطینہ کی ہدایات جاری کر دی

پیر 30 مارچ 2020 23:55

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے اور اس کی موثر روک تھام کیلئے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزادکشمیر کے شہریوں کیلئے گھریلو قرنطینہ کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ رہائش کی جگہ پر حال ہی میں باہر سے آنے والے مسافر/ مشتبہ مریض کو الگ کمرے میں رکھیں جس کے ساتھ اٹیچ واش روم ہو ، ایک وقت میں ایک ہی بندے کو کمرے میں رکھا جائے ۔

کمرے میں فون ، بجلی، پانی اور کوڑا اٹھانے کے انتظامات ہونے چاہیں۔ مسافر / مشتبہ مریض کے کھانے کی خوراک کا بندوبست اس کمرے میں کریں۔مریض کے برتن اور دیگر استعمال کی اشیاء کو الگ رکھیں ۔

(جاری ہے)

برتن کی صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ برتن دھوتے وقت دستانے استعمال کریں اور دستانے اتارنے کے بعد اچھی طرح طرح صابن سے بیس سیکنڈ تک دھوئیں اور دستانوں کو فوری تلف کیا جائے ۔

فضلہ /کچرا پلاسٹک میں ڈال کر ڈھکن والے کچرا دان میں جمع کریں اور جلا دیں۔ استعمال ہونے والے کپڑے اور چادریں مشین میں الگ گرم پانی میں دھوئیں اور دھونے کے بعد Bleachمیں آدھا گھنٹہ ڈبو کر پھر سکھایا جائے اور استری کے بعد استعمال کریں ۔ اگر الگ تلف کرنا ناممکن ہو تو جلا دیں ۔ اس دوران دستانے کا ضرور استعمال کریںاور ہاتھ دھونے کے بعد دستانے تلف کر دیں۔

قرنطینہ کیے ہوئے شخص کی دیکھ بھال کیلئے صرف ایک شخص کو مخصوص کر دیں اور دوران علیحدگی کسی بھی شخص کو حالیہ مسافر کے پاس نہ جانے دیں اور نہ ہی مسافر کر کھلم کھلا پھرنے دی۔ دوسرے لوگ اپنی مختص جگہ سے باہر نہ نکلیں۔چھوٹے بچوں کو صاف مقام تک محدود رکھیں اور ان کے چھونے اور چومنے سے گریز کریں۔ جگہ جگہ تھوکنے سے پرہیز کریں ۔ فلش کو 0.05بلیچ محلول سے صاف کریں ۔

قرنطینہ کیے ہوئے شخص کے کمرے اور پورے گھر کی صفائی اور جراثیم کشی کا حتی الامکان انتظام کریں۔ ماسک کا استعمال ہر وقت کریں ۔ مشتبہ مریض اور تیمادار ماسک و دیگر سامان ہر وقت پہنے اور مصافحہ کرنے سے گریز کرے۔ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کا خاص خیال رکھا جائے اور ان کی علیحدہ سامان و مقام مہیا کیا جائے اور منہ ڈھانپ کر خواتین کو دودھ پلائیں۔

ضروری ادویات ، سازو سامان اور خوراک کا ذخیرہ رکھیںاور جراثیم کش ادویات کا استعمال کریں۔پریس ریلیز میںکہا گیا ہے کہ بلیچ سے ہاتھ نہ دھوئیںبلکہ اس سے کرسی،میز دووازے اور کپڑے دھوئیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتائی گئی کرونا کی علامات ظاہرہونے کی صورت میں قریبی محکمہ صحت کے عملہ یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر بذریعہ فون اطلاع دیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مشتبہ افراد کو آئسولیشن سینٹر منتقل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :