سینٹرل جیل میں قید ایم کیو ایم لندن کے مبینہ دہشت گردوں کو بھی کورونا کا خطرہ ہوگیا

ضمانت کی درخواست پر انسداددہشت گردی عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور دیگر سی9 اپریل کو دلائل طلب کرلئے

منگل 7 اپریل 2020 16:16

سینٹرل جیل میں قید ایم کیو ایم لندن کے مبینہ دہشت گردوں کو بھی کورونا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) سینٹرل جیل میں قید ایم کیو ایم لندن کے مبینہ دہشت گردوں کو بھی کورونا کا خطرہ ہوگیا،25 سے زائد ٹارگٹ کلرز نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیاہے۔انسداددہشت گردی عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور دیگر سی9 اپریل کو دلائل طلب کرلئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں قید ایم کیو ایم لندن کے مبینہ دہشت گردوں کو بھی کورونا کا خطرہ لاحق ہوگیا، 25 سے زائد ٹارگٹ کلرز نے ضمانت کے لیے انسداددہشتگردی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

ملزمان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جیل میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے ضمانت پر رہا کیا جائے، جس پر عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اپریل تک دلائل طلب کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان میں صحافی ولی بابر قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم فیصل موٹا، عبید کے ٹو اور دیگر شامل ہیں ۔مبینہ ٹارگٹ کلرز کو ایم کیوایم مرکز90پر چھاپے کے دوران رینجرز نے گرفتار کیا تھا۔

تمام ملزمان کے خلاف مختلف اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔ اس سے پہلے انسداددہشت گردی عدالت اورسندھ ہائیکورٹ نے درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے صوبائی ہائیکورٹس کو کورونا کے نام پر ملزمان کو ضمانتوں پر رہا کرنے سے روک رکھا ہے۔