بے شرمی کی انتہا، نوجوان کی گلی میں کھیلتی 4 سے 6 سال کی بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات

ویڈیو پر صارفین کا شدید غم وغصے کا اظہار، سخت سزا دینے کا مطالبہ،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 اپریل 2020 16:58

بے شرمی کی انتہا، نوجوان کی گلی میں کھیلتی 4 سے 6 سال کی بچیوں کے ساتھ ..
ڈیرہ غازی خان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین21اپریل۔2020ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پیش آتے ہیں۔اس وقت جب دنیا کورونا جیسے مہلک وائرس سے لڑ رہی ہے،اس دردناک صورتحال میں بھی خواتین کے ساتھ زیادتی کے کئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔یہاں تک کہ کچھ ایسے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جس میں خواتین کو راشن دینے کے بہانے بلا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

جنسی درندے نہ صرف ان خواتین کو بلکہ کمسن بچیوں کو بھی اپنی ہوس کا نشانہ بنانے سے باز نہیں آتے۔سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہےجس سے انسانیت بھی شرما گئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر بیٹھا ایک نوجوان گلی میں کھیلتی ہوئی کم سن بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ جنسی درندہ گلیوں میں کھیلتی بچیوں کو کھانے کی چیز دینے کے بہانے سے اپنے پاس بلاتا ہے۔

بچیوں کی عمریں چار سے چھ سال کے درمیان ہیں جو اس درندے کے شرمناک عزائم سے ناواقف ہوتی ہیں۔
ملزم کی بچیوں کے ساتھ کی جانے والی شرمناک حر کات ناقابل بیان ہیں۔ایسے وقت میں جب والدین کو معلوم ہے کہ جنسی درندے ہر طرف موجود ہیں تو والدین کی بے فکری پر بھی کئی سوالات اٹھتے ہیں۔قصور میں زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد،ان واقعات کی روک تھام کا آخری حل یہی تھا کہ والدین بچوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کریں اور گلیوں میں کھیلنے کے لیے نہ بھیجیں۔

والدین کی لاپرواہی کی وجہ سے اس طرح کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تاہم یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے درندوں کو پھانسی دینے کے لیے ایک لمحے کی بھی دیر نہیں کرنی چاہیے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔خیال رہے کہ یہ واقعہ ڈیرہ غازی خان میں پیش آیا ہے۔