ایشیائی ترقیاتی بینک کی سرحدی گزرگاہوں کی جدیدکاری کیلئے 40 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری

منصوبے کے تحت سرحدی گزرگاہوں پر جدید انفرااسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا، ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا اور ہائی ٹیک معائنہ و اسکریننگ کے آلات نصب کیے جائیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اگست 2026 16:56

ایشیائی ترقیاتی بینک کی سرحدی گزرگاہوں کی جدیدکاری کیلئے 40 کروڑ ڈالر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اگست ۔2026 ) ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی ) نے وسطی ایشیا میں سرحدی گزرگاہوں کی جدیدکاری کےلئے 40 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خطے میں تجارتی اور مواصلاتی رابطوں کو بہتر بنانا ہے. رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے خطے میں سرحدی گزرگاہوں کی جدیدکاری اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے 40 کروڑ ڈالر کی علاقائی فنانسنگ کی منظوری دے دی یہ فنانسنگ بی یو آئی ایل ڈی پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کے ذریعے پاکستان سمیت کیئرک کے 11 رکن ممالک میں سڑک اور ریل کی سرحدی گزرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا.

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت سرحدی گزرگاہوں پر جدید انفرااسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا، ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا اور ہائی ٹیک معائنہ و اسکریننگ کے آلات نصب کیے جائیں گے اے ڈی بی کے مطابق اس جامع اپ گریڈیشن سے سرحد پار آمدورفت کے وقت میں کمی آئے گی اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کے اخراجات کم ہوں گے. اس اقدام سے نہ صرف عوام اور اشیا کی نقل و حرکت بہتر ہوگی بلکہ علاقائی تجارت، اقتصادی راہداریوں اور نئی منڈیوں کو بھی زبردست فروغ ملے گا اس کے علاوہ منصوبے کے نتیجے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی علاقائی تجارت میں شرکت مزید مضبوط ہوگی.

واضح رہے کہ کیئرک پروگرام میں کل 11 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، آذربائیجان، عوامی جمہوریہ چین، جارجیا، قازقستان، کرغز جمہوریہ، منگولیا، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں.