موجودہ غیر معمولی صورتحال میں عوام ایثار کریں ،محمد فاروق حیدر

عید کی شاپنگ کی بجائے ارد گرد مستحقین کی خدمت کریں ،نازک صورتحال میں مصائب کا شکار افراد کا خاص خیال رکھیں ، اللہ رب العزت ہمیں کرونا کی وباء سے نمٹنے کی توفیق عطا فرمائے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 1 مئی 2020 19:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں عوام ایثار کریں ، عید کی شاپنگ کے بجائے اپنے ارد گرد مستحقین کی خدمت کریں جو اس نازک صورتحال میں مصائب کا شکار ہیں، مشکل وقت میں ایک دوسرے کا خاص خیال رکھیں ، اللہ رب العزت ہمیں کرونا کی وباء سے نمٹنے کی توفیق عطا فرمائیں ، مقبوضہ کشمیر کے اندر اس وباء کے باوجود قابض ہندوستانی افواج کی جانب سے ظلم اور جبر کا بازار گرم ہے۔

ہندوستان تمام اخلاقی اور قانونی حدیں پار کر چکا اور مقبوضہ کشمیر اور سیز فائر لائن پر معصوم کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے ۔ بین الاقوامی برادری کو نہ صرف اس کا نوٹس لیناچاہیے بلکہ معصوم شہریوں کے قتل عام،سیز فائر لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہندوستان کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ہمیں اللہ رب العزت کی ناراضگی سے بچنا ہے ۔ ذخیرہ اندوزی بد ترین فعل ہے ،اس مشکل وقت میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں ۔ اللہ رب العزت ہم سب پر اپنا خصوصی کرم فرمائیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر قدیمی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے مرکزی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر مسجد انتظامیہ اور نمازیوں کی جانب سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا تھا۔

وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ مجھے تیس سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے کہ میں نے عید پر نئے کپڑے نہیں لیے ،جب نوجوان تھا تو مدینہ مارکیٹ میں دو بچیوں کودیکھا جنہوں نے پرانے کپڑے پہنے تھے اور وہ د و بچیوں کو بڑی حسرت سے دیکھ رہیں تھیں جنہوں نے نئے کپڑے پہنے تھے ، میں نے ا س آج تک عید پر نہ نئے کپڑے لیے اور نہ جوتے ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں اللہ کے سامنے سر بسجود ہو کر معافی مانگنے کی ضرورت ہے ۔ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ۔ جو لوگ دفاعی طاقت و اسلحے کے نشے میں بدمست تھے اللہ نے ان کو آئینہ دکھا دیا اور وہ منہ کے بل گر پڑے ۔ جس طرح ہندوستان کشمیریوں کو اپنے مظالم کا نشانہ بنارہا ہے ہمیں پور ا یقین ہے کہ ہندوستان تباہ ہو گا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہیں کہ جن کے مقدر میں ہدایت نہیں ان کو تباہ و برباد کر ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمیں سب کو انفرادی طو ر پر دیکھنا ہے کہ ہمارے اعمال کہیں اللہ کی ناراضگی کا باعث تو نہیں بن رہے اور ہمارے اعمال نبی اکرم ؐ کی تعلیمات کے مطابق ہیں ۔ ہمیں حقوق العباد کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عوام الناس سے اپیل کرتا ہوں کہ نبی اکرم ؐ کی تعلیمات کو زندگی میں ڈھال لیں ۔ کسی کو تکلیف نہ دیں ، مشکل وقت میں ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں اور ہمارے لیے بھی دعا کریں کہ اللہ پاک ہمیں بہتر فیصلے کرنے کی توفیق دے ۔