دار ارقم سکول جی سیون مرکز کی انتظامیہ کا 15 مئی تک فیس جمع کرانے پر ماہانہ فیس میں 10 فیصد رعایت کا اعلان

جمعہ 1 مئی 2020 20:09

اسلام آباد ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2020ء) دنیا بھر میں جاری کورونا وائرس کی جان لیوا وباء کے نتیجہ میں ملک بھر میں ہونے والے طویل لاک ڈائون اور کاروباری سرگرمیاں معدوم ہونے کے باعث سکول جانے والے بچوں کے والدین کی مشکلات کے پیش نظر دار ارقم سکول جی سیون مرکز کی انتظامیہ نے 15 مئی تک فیس جمع کرانے پر ماہانہ فیس میں 10 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو جاری بیان میں ادارے کے سربراہ زاہد بشیر ڈار نے کہا کہ موجودہ نامساعد حالات میں والدین کی مشکلات کا اندازہ ہے اس لئے مقدور بھر کوشش کی گئی ہے۔ زاہد بشیر ڈار جو کہ نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز (نیپس) کے سینئر نائب بھی ہیں، نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث ملک بھر کے نجی تعلیمی ادارے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، بچوں کی فیس وصول نہ ہونے سے اساتذہ کی تنخواہیں، عمارتوں کے کرایہ، گیس، بجلی کے بلز اور دیگر اخراجات کی ادائیگی مشکل ہو چکی ہے ایسے میں حکومت کو چاہئے کہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور خصوصی پیکیج کا جلد سے جلد اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

زاہد بشیر ڈار نے مزید بتایا کہ زیر تعلیم بچوں کے والدین بھی کورونا کے باعث مسائل کا شکار ہیں اسی لئے انہوں نے اپنے زیر اہتمام نجی تعلیمی ادارے دارارقم سکولز کے بچوں کیلئے خصوصی رعایتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیکیج کے تحت 15 مئی 2020ء تک فیس جمع کرانے والے والدین کو ماہانہ فیس میں 10 فیصد فوری رعایت دی جا رہی ہے جس کا مقصد والدین کے مسائل کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرپرسن پیرا کی بھی خواہش تھی کہ کورونا جیسی وباء اور لاک ڈائون کی وجہ سے فیسوں میں اگر کچھ ریلیف دیا جائے تو اچھا ہو گا۔