نوجوان خود کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے افکار کے مطابق آنے والے چیلینجزکے لیے تیار کریں، وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس

منگل 5 مئی 2020 16:27

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2020ء) مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستان سے محبت کریں یہ ملک ہماری امیدوں کا مرکز و محور ہے۔ نوجوان خود کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے افکار کے مطابق آنے والے چیلینجزکے لیے تیار کریں۔

ہماری 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اگر یہ مثبت انداز میں پیشقدمی کرے تو ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کیلیے اپنے ذاتی اور گروہی مفادات کو اجتماعی مفاد کے لیے قربان کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کتب بینی پر توجہ دیں اور علم و ہنر سے خود کو آراستہ کریں تاکہ معاشرے کے مفید شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجؤان کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم عنصر ہیں جنہیں اپنی کردار سازی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے نظریات پر قائم رہ کر ایک اعلی جمہوری معاشرے کی تشکیل کے ذریعے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا ویژن تھا کہ نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں اس کے لئے ایک طرف لیپ ٹاپ سکیم متعارف کرائی گئی جبکہ دانش سکولز و کالجز کا قیام بھی اسکی اہم کڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ووکیشنل تربیت کے لیے بھی ایک ویژن دیا جس کا مقصد معاشرے کے اس اہم طبقے کو اپنے پاوں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کبھی بھی مستقبل سے مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ کام کی لگن اور امید کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تاکہ ہم معاشرے کے اہم رکن کے طور پر معاشرتی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات سے گھبرا کر مایوسی کا شکار ہونے کی بجائے مشکلات کا سامنا کرنا سیکھیں اور اپنی زندگی کو بامقصد بنانے کے لیے اہداف طے کریں۔انہوں نے کہا پاکستان سے محبت آپ کی ترجیح اول ہونی چاہیے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔انہوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں اور ملکر آگے بڑھیں کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔