کیمپ جیل میں کورونا سے متاثرہ تمام قیدی صحتیاب ہوگئے

کیمپ جیل انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی محنت رنگ لے آئی، جیل میں کورونا سے متاثرہ 59 قیدیوں میں سے آخری 4قیدی بھی صحتیاب ہوگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 5 مئی 2020 23:04

کیمپ جیل میں کورونا سے متاثرہ تمام قیدی صحتیاب ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-05مئی 2020ء) : کیمپ جیل میں کورونا سے متاثرہ تمام قیدی صحتیاب ہوگئے ہیں۔ کیمپ جیل انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز کی محنت رنگ لے آئی ہیں اور جیل میں کورونا سے متاثرہ 59 قیدیوں میں سے آخری 4قیدی بھی صحتیاب ہوگئے ہیں۔ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینےو الے کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اسی دوران جیل میں قیدیوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا اور لاہور کی کیمپ جیل میں قرنطینہ بنا دیا گیا تھا جس کے بعد کیمپ جیل میں ابتدائی طور پر 400 قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے تھے جس کے بعد جن سیلز میں موجود قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوئے ہیں، انہیں قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے پنجاب حکومت نے کیمپ جیل میں قرنطینہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جیل میں 59قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، کچھ قیدی ایسے تھے جو بیرونِ ملک سے آئے تھے اور اس بعد گرفتار ہوئے تھے جس کے بعد انکا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس کے بعد جیل میں آمدورفت محدود کردی گئی تھی اور قیدیوں کو قرنطینہ کردیا گیا تھا۔ اب جیل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ تمام قیدی تندرست ہوگئے ہیں۔ آج آخری 4قیدیوں کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے 9مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے اعلان 8مئی کو کرے گی، مارکیٹیں کھولنے سے پہلے علاقے کی سمارٹ سکریننگ کی جائے گی۔ عید کی تیاریوں کے لیے کپڑے کی دکانیں بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ یہ دکانیں روز 6گھنٹے کیلئے کھلیں گی۔