Live Updates

ریلیف سرگرمیوں میں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی بھرپور شرکت نہایت حوصلہ افزاء ہے،

پاکستانی قوم نے مشکل کی ہر گھڑی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اورانسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کی ہے وزیرِاعظم عمران خان کی وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگلت بلتستان علی امین خان گنڈاپور سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2020 19:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2020ء) وزیرِاعظم عمران خان نے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف سرگرمیوں میں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی بھرپور شرکت نہایت حوصلہ افزاء ہے، پاکستانی قوم نے مشکل کی ہر گھڑی میں نہ صرف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگلت بلتستان علی امین خان گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ ) چوہدری محمد اختر، روپانی فاؤنڈیشن کے کنسلٹنٹ صباح الدین اور پاکستان تحریک انصاف بوسٹن سے تعلق رکھنے والے رہنما عاطف خان کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر نے وزیراعظم کو بتایا کہ کورٹ کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ غریب اور مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک 20 ہزار خاندانوں کو راشن و خوراک فراہم کی جا چکی ہے، اس تعداد کو مزید دگنا کیا جائے گا۔

اسی طرح روپانی فاؤندیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں 20 ہزار خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور ان سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ عاطف خان نے وزیر اعظم کو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات و دیگر ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے امورِکشمیر و گلگت بلتستان نے وزیرِاعظم کو آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کورونا ریلیف کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے کورٹ اور روپانی فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات