مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی فوری انکوائری پر زور

انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق جامعہ، فوری اور شفاف تحقیقات کی جائے،یورپی یونین

جمعرات 7 مئی 2020 18:37

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2020ء) یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی فوری، مکمل اور شفاف انکوائری کروانے پر زور دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان یورپی یونین کی ایک خاتون عہدیدار نے گزشتہ روز چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کے ایک خط کے جواب میں کیا جس میں یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یورپی یونین کے دفترخارجہ میں علاقائی امور اور جنوبی ایشیا ڈویژن کی ہیڈ مس کارولین ونوت نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ یورپی یونین یہ سمجھتی ہے کہ انسانی حقوق کے خلاف وزریوں کے الزام کے بارے میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق، جامعہ، فوری اور شفاف تحقیقات کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے تحریری مراسلے میں مزید واضح کیا کہ وہ یہ تحریر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کے خط کے جواب میں یورپی یونین کے اعلی سفاتکار (وزیرخارجہ)جوزف بوریل کی جانب سے ان کی ہدایت پر ارسال کررہی ہیں۔

خط کے جواب میں یورپی یونین کی عہدیدار نے مزید کہا کہ یورپی یونین خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور بیانات کے علاوہ یونین پاکستان اور بھارت سے براہ راست رابطے میں ہے۔ان کے بقول یورپی یونین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے اور وہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی و سفارتی سطح پر مذاکرات کی بحالی چاہتی ہے۔انہوں نے خط میں مقامی آبادی کے مفاد کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔

یورپی عہدیدار نے اپنے خط میں پچھلے سال ستمبر میں یورپی پارلیمنٹ میں یورپی سابقہ اعلی سفارتکار (سابقہ یورپی وزیرخارجہ)مس فدریکا موغرینی کی تقریر کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت میں براہ راست مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا۔واضح رہے کہ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے گزشتہ ماہ یورپی اعلی سفارتکار(وزیرخارجہ)جوزف بوریل سمیت یورپی یونین کے اعلی حکام کو ایک خط کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔