امریکہ میں ہر 5 میں سے ایک گھر کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے

تین کروڑ سے زائد افراد بے روزگار، لوگ کھانے پینے کے لیے فوڈ بینک اور خیراتی اداروں سے رجوع کر رہے ہیں۔ امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ

جمعرات 7 مئی 2020 23:51

امریکہ میں ہر 5 میں سے ایک گھر کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے
نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2020ء) کورونا وائرس کی عالمی وباء سے سب سے زیادہ نقصان امریکہ کو پہنچا ہے جہاں متاثرین اور اموات میں خطرنا ک اضافہ کے ساتھ ساتھ معیشت کو بھی سخت دھچکہ لگا ہے اور کروڑوں افراد بے روز گار ہوگئے ہیں۔ ٰایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق ہر 5 میں سے ایک گھر کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔

کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والے حالات نے امریکہ میں تین کروڑ سے زیادہ لوگوں کو بیروزگار کر دیا گیا ہے اور یہ لوگ اب کھانے پینے کے لیے فوڈ بینک اور خیراتی اداروں سے رجوع کر رہے ہیں۔بروکنگز انسٹیٹیوٹ کے مطابق اکثر لوگوں کے پاس کھانا ختم ہو گیا ہے اور مزید کھانا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں اورکم پیسوں کی وجہ سے بچے بھی کم خوراک لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ صورتحال 2008 میں اقتصادی بحران کے دوران صورتحال سے تین گنا زیادہ خراب ہے جبکہ دنیا بھر میں بھی مہلک وائرس کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 64 سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ روس کے دارالحکومت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سرکاری اندازوں سے کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے دنیا کے سب سے غیر محفوظ ممالک کے تحفظ اور لاکھوں جانے بچانے کے لیے رکن ممالک سے مزید 470 کروڑ ڈالر کی اپیل کی ہے جس کا کہنا ہے کہ غیر معمولی اقدامات کیے بغیر دنیا میں کئی مقامات پر قحط آ سکتا ہے اور بھوک و افلاس بڑھ جائے گا دریںاثناء امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد بنائی جانے والی اگلی ٹاسک فورس کی سربراہی ان کے داماد جیریڈ کشنر کریں گے۔