وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اور ٹیکنالوجی کی سینیٹ کا بیالیسواں اجلاس

صدر کی زیر صدارت اس طویل اجلاس میں تمام اراکین نے ایجنڈے کے مطابق بحث میں حصہ لیا اور تمام فیصلے مکمل اتفاق رائے سے کئے گئے

جمعہ 8 مئی 2020 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2020ء) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اور ٹیکنالوجی کی سینیٹ کا بیالیسواں (42) اجلاس صدر پاکستان و چانسلر وفاقی اردویونیورسٹی کی زیرصدارت گورنر ہاوس سندھ میں منعقد ہوا۔ چانسلر نے چند اراکین سینیٹ کے ہمراہ اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ گورنر ہاوس سندھ میں ڈپٹی چیر سینیٹ جاوید اشرف حسین، صدر انجمن ترقی اردو پاکستان واجد جواد میرعبدالقیوم خلیل؛سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل ، سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد سینیٹرڈاکٹر توصیف احمد خان سینیٹرڈاکٹر ریاض احمد سینیٹر ڈاکٹرعرفان عزیز سینیٹر ڈاکٹر سید طاہرعلی اور قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر کورنا وائرس کے خلاف احتیاط کے لیے وضع کئے گئے معیاری طریقہ کار پرمکمل عمل درآمد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے سیکریٹری کے فرائض انجام دیے جبکہ اجلاس میں کنویز سرچ کمیٹی برائے مستقل وائس چانسلر زوہیر عشیر نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں یو نیورسٹی سینیٹ کے 39ویں، 40 ویں اور 41 ویں اجلاس جبکہ سینڈیکیٹ کے 40 ویں اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لئے سرچ کمیٹی میں دو یونیورسٹی اساتذہ ڈاکٹر افتخاراحمدطاہری اور ڈاکٹر اصغردشتی کی نامزدگیوں کی منظوری بھی دی گئی۔جناب زہیر عشیر نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں تعلیمی و انتظامی معاملات میں بہتری لانے کے لیے ایک لائحہ عمل سے متعلق خصوصی پریزنٹیشن دی۔ اس موقع پر انہوں نے اراکین سینیٹ کے سوالات کے جواب دیئے اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ کے اجلاس میں اس پر مزید غور و خوض کیا جائے گا۔

سینیٹ کا یہ اجلاس جامعہ اردو کی تاریخ کا طویل ترین اجلاس تھا۔ اجلاس ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا اور شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ رمضان کے مہینے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اس طویل اجلاس میں تمام اراکین نے ایجنڈے کے مطابق بحث میں حصہ لیا اور تمام فیصلے مکمل اتفاق رائے سے کئے گئے ۔ آخر میں تمام اراکین سینیٹ نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔