لاہور سمیت پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا فیصلہ

شہروں میں پنجاب کے دارالحکومت، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور گجرات شامل ہیں

Ahmad Tariq احمد طارق ہفتہ 9 مئی 2020 20:14

لاہور سمیت پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی 2020ء) لاہور سمیت پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا فیصلہ۔ ان بڑے شہروں میں شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور گجرات شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے سلسلے میں ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں۔ صوبے کے 6 بڑے شہروں میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں کی جائے گی۔

جبکہ پنجاب کے 15 اضلاع میں کورونا کے کم پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 4 روز نرمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ صوبے میں پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دنوں میں دکانیں اور کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، جبکہ پنجاب بھر میں تین دن جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

صوبے میں پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کے دنوں میں بھی شاپنگ مالزاور بڑے پلازے بند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں ابھی فی الحال6 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 19 ہزار100، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 27 ہزار 474 تک پہنچ گئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1637 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، 24 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات618 ہو گئیں۔ این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 10 ہزار 471 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 9 ہزار 691 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 4 ہزار 327 اور اسلام آباد میں 609 ہو گئی۔ بلوچستان میں 1876، گلگت بلتستان میں 421 کیسز رپورٹ ہوئے۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 79 ہو گئی۔ ملک بھر میں اب تک 7 ہزار 756 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 618 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں می24 نئی اموات ہوئی ہیں جن میں سندھ میں 175، پنجاب میں 191، کے پی کے میں 221، گلگت بلتستان 3، اسلام آباد میں 4 اور بلوچستان میں 24 مریض کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔ اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 25 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 ہزار 982 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک کے 735 ہسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز میں 5434 مریض زیر علاج ہیں۔ 229 کورونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔