بھارت نے سی پیک میں رکاوٹ ڈالی تو چین سکم پر چڑھائی کردے گا

چین نے سکم پر چڑھائی کی تو بھارت کی7 ریاستیں علیحدہ ہوجائیں گی، بھارت پاکستان کو توڑنے یا سی پیک میں رکاوٹ ڈالنے کی بجائے اپنی خیر منائے۔ سینئر تجزیہ کارڈاکٹر شاہد مسعود

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 مئی 2020 22:16

بھارت نے سی پیک میں رکاوٹ ڈالی تو چین سکم پر چڑھائی کردے گا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 مئی 2020ء) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ چین نے سکم پر چڑھائی تو بھارت کی7 ریاستیں علیحدہ ہوجائیں گی، بھارت سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اپنی خیرمنائے، سی پیک میں رکاوٹ ڈالی گئی تو چین سکم پر چڑھائی کرے گا، امریکا بھی چین کو نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے اپنے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سکم بھارت کی وہ ریاست ہے جو1975ء میں قائم ہوئی، اس سے پہلے یہ بھارتی ریاست نہیں تھی۔

چین کہتا ہے کہ سکم ان کا حصہ ہے، تبت، تائیوان، نیپال بھی چین کے پاس ہے، چین نیپال کو بھی اپنا حصہ مانتا ہے۔ اب سکم میں چین اور بھارت کے درمیان لڑائی جارہی ہے، یہ ایک چھوٹی سی پٹی ہے۔ اس پٹی کے ساتھ بھارت کی وہ ریاستیں ہیں جہاں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سکم میں چین اور بھارت کی لڑائی میں پاکستان اور امریکا کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، یہ ان دونوں ممالک کا آپس کا معاملہ ہے۔

سکم ایسا علاقہ ہے جو بھارت کے دو حصوں کو آپس میں ملاتا ہے۔ اگر چین نے سکم پر قبضہ کرلیا تو وہ ریاستیں جہاں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، وہ بھی بھارت سے الگ ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے وہ پاکستان کو توڑنے کی بات کرتا ہے۔ لیکن بھارت تو پہلے ہی ٹوٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے سی پیک میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو چین سکم پر چڑھائی کر دے گا۔

جس سے بھارت کی7 ریاستیں بھی علیحدہ ہوجائیں گی۔ اسی طرح ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں کورونا وباء سے متعلق بتایا کہ جتنی وبائیں پھیلی ہیں، یہ طاعون، اسپین فلو، ایبولاوغیرہ ان وباؤں سے دنیا میں اموات ہوتی رہی ہیں، لیکن ساتھ ساتھ زندگی بھی چلتی رہی۔کروڑ کروڑ آدمی مرتے گئے، لیکن چیزیں بھی چلتی رہیں۔ لیکن جب بھی کوئی ایسی وباء آتی ہے تو لوگوں کو پھر اسپینش فلو یاد آتا ہے اور درمیان جنگ عظیم بھی آجاتی ہے جس سے لوگ وباء کو بھول جاتے ہیں۔ وباء ویکسین سے ختم ہوتی ہے یا پھر معاشرہ اپنے بچاؤ کے طریقے نکالتا ہے۔ اسپینش فلو بھی کئی سال رہا سب سے زیادہ اموات ہندوستان میں ہوئی تھیں۔