وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈائون کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘ سندھ حکومت شہری معیشت کو تباہ کرکے دیہی معیشت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، صوبائی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے کراچی اور حیدرآباد کے لوگ شدید مشکل حالات سے دوچار ہیں

ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدین کا قومی اسمبلی اجلاس میںکورونا وائرس کی صورتحال پر بحث کے دوران اظہار خیال

بدھ 13 مئی 2020 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہری معیشت کو تباہ کرکے دیہی معیشت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈائون کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘ سندھ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے کراچی اور حیدرآباد کے لوگ شدید مشکل حالات سے دوچار ہیں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں اس موذی مرض کے وہ اثرات نہیں ہیں جتنی شدت کا سامنا دنیا کے دیگر ممالک کو ہے۔ انہوں نے اس مرض کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کی پرواہ کئے بغیر اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کا علاج کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود چین نے ہماری ہر طرح سے مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہم بہت مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ کراچی میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے سخت لاک ڈائون کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صرف لاک ڈائون کیا ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ کراچی میں لیاری کھلا رہا۔ اس طرح حیدرآباد میں تمام بڑی مارکیٹیں بند رہیں اور باقی سارے کاروبار کھلے رہے۔ سندھ میں مناسب حکمت عملی اختیار کی جاتی تو لاک ڈائون کو سودمند بنایا جاسکتا تھا۔ سندھ حکومت شہری معیشت کو تباہ کرنا چاہتی ہے ان کا مقصد صرف اور صرف دیہی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ وفاقی حکومت سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتی ہے۔