مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے خوف میں مبتلا بھارتی فوجیوں نے خود کشی کرنا شروع کر دی

خود کشی کرنے والے اہلکار سری نگر اور ضلع اسلام آباد میں تعینات تھے، اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق نہ ہو سکی

جمعہ 15 مئی 2020 00:56

مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے خوف میں مبتلا بھارتی فوجیوں نے خود کشی کرنا ..
سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے خوف میں مبتلا بھارتی فوجیوں نے خود کشی کرنا شروع کر دی، خود کشی کرنے والے اہلکار سری نگر اور ضلع اسلام آباد میں تعینات تھے، اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق کم ہمتی اور ذہنی دباو کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے اہلکاروں نے دو الگ ،الگ واقعات میں خودکشی کرلی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع اسلام آباد میں تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سب انسپکٹر فتح سنگھ نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔اہلکار کی لاش کے قریب سے ایک رقعہ ملا جس میں درج تھا کہ ’’ مجھے کرونا ہونے کا خوف ہوگیا ہے‘‘۔ تحریری نوٹ ملنے پر اہلکار کی لاش کو پہلے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری لے جایا گیا۔ اہلکار کا تعلق راجھستان سے ہے۔دریں اثناء دارالحکومت سری نگر میں بھی سینٹرل ریزرو پولیس کے ایک اور اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی۔ اہلکار کی شناخت بنگالی بابو کے نام سے ہوئی ہے جو مدھیہ پردیش کا رہائشی ہے۔