برطانوی رکن پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش

عدم استحکام کے خاتمے کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے‘ جوڈتھ کمنس

ہفتہ 16 مئی 2020 19:40

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2020ء) لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ جوڈتھ کمنسنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جوڈتھ کمنس (Judith cummins)نے لندن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ ہمیں کشمیر کے ایک محفوظ اور پرامن مستقبل کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرنا ہوگا اور اس مقصد کی خاطر برطانیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

جوڈتھ کمنس نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکی ہیں کہ برطانوی حکومت کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک حقیقی مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کو حل کرانے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ وہ نہیں سمجھتی کہ کشمیر صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان باہمی مسئلہ ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہیں جو انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیا گیا ہے۔ جوڈتھ کمنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ میں بھی بہت سارے مسلمانوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور یہ ضروری ہے کہ عدم استحکام کے خاتمے کے لئے کشمیر تنازعہ کا دیرپا اورپرامن حل تلاش کیا جائے۔