زرداری کی طرز سیاست نے پی پی کو وفاق سے سندھ کی جماعت بنایا ، نصرت واحد

سابق صدر نے پیپلز پارٹی میں سینئر رہنمائوں کو ہٹاکر اپنے دوستوں کو اہم عہدوں پر فائز کیا جس سے پارٹی تباہ ہوگئی،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی

اتوار 17 مئی 2020 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے آصف علی زرداری کے خاموشی توڑنے اور وفاق پر طرز حکمرانی پر تنقید پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی طرز سیاست نے پیپلز پارٹی کو وفاق سے سندھ کی جماعت بنادیا ۔ سابق صدر نے پی پی میں سینئر رہنمائوں کو نظر انداز کرکے اپنے قریبی دوستوں کو اہم عہدوں پر فائز کیا جس کے باعث سینئر رہنما اور کارکن بددل ہوگئے اور انہوں نے کنارہ کشی اختیار کرلی ۔

نصرت واحد نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے 3 مرتبہ وزارت اعظمیٰ حاصل کی اور عرصہ دراز سے سندھ کی وزارت اعلیٰ پر فائز ہے لیکن صوبہ سندھ کی قسمت نہ بدل سکی آج بھی حیدر آباد ، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کے شہروں اور دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں متعدد اسکول و ڈیروں کی اوطاق بنے ہوئے ہیں خورشید شاہ نے اسکول کی زمین پر اپنا گھر بنایا ہوا ہے سندھ میں صحت و تعلیم اور بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے جس کے باعث عوام پیپلز پارٹی سے بدظن ہوگئے ہیں اور وہ سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ اپنی مدت پوری کرنے کے بعد آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کراچی سمیت سندھ بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑی تعداد میں حاصل کریگی۔