بلوچستان حکومت کا کل سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ

کمشنر اور آر ٹی اے، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے ایس او پی تشکیل دیں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 17 مئی 2020 16:58

بلوچستان حکومت کا کل سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی2020ء) : بلوچستان حکومت نے کل سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت نے کل سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کافیصلہ کیا ہے، کمشنر اور آر ٹی اے، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے ایس او پی تشکیل دیں گے۔ اس سے قبل پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں نے بھی پبلک ٹراسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب سندھ میں ٹرانسپورٹرز نے 20مئی سے گاڑیاں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ بدھ سے تمام گاڑیاں چلیں گی چاہے گرفتار کرلیا جائے کیونکہ کورونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹرانسپورٹ نہ چلنے سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹرز نے اس حوالے سے صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بقیہ صوبوں نے ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا ہے لیکن سندھ حکومت نے پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان نے پیر 18مئی سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز چاروں صوبوں سے ٹرانسپورٹ کھولنے کی درخواست کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ جن ممالک میں کورونا نے بہت زیادہ نقصان کیا ٹرانسپورٹ ادھر بھی بند نہیں کی گئی، ابھی ویکسین آنے میں وقت لگے گا ہمیں اب وائرس کے ساتھ زندگی گزارنی پڑے گی۔

وزیراعظم کی جانب سے درخواست کے بعد باقی تینوں صوبوں نے ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا جہاں پیر سے گاڑیاں سڑکوں پر آگئیں گی لیکن سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کردیا۔ سندھ حوکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعظ ٹرانسپورٹ کھول کر ملک کو ووہان اور اٹلی بنانا چاہتے ہیں۔ تاہم اب سندھ میں ٹرانسپورٹرز نے 20مئی سے گاڑیاں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔