ڈپٹی کمشنر نیلم کی زیر صدارت اجلاس، حکومت کی جانب سے لاک ڈائون فیصلے پرعملدرآمد، عوام کو درپیش مسائل حل کرنے پر اتفاق

پیر 18 مئی 2020 18:29

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنرنیلم راجہ محمود شاہدکی زیر صدارت آزاد کشمیر میں نوول کرونا وائرس (Covid-19) کے پھیلاؤ میں تیزی کے رجحان اور مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدام کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگرمتعلقہ محکمہ جات کا اجلاس پیرکے روز منعقد ہوا۔ جس میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلہ پر عملدرآمد اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی ایس پی نیلم سردار ظہیر، اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام سید عمران عباس نقوی،آفیسر مال خواجہ محمد سلطان،آفیسر اطلاعات محمد حنیف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت سید مبشر گیلانی ، نائب تحصیلدار راجہ فرمان علی،ایس ایچ او صاحبان و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے عوام کے لیے جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔

جس کے مطابق آج مورخہ 18مئی رات 12:00بجے (نصف شب) سے دو ہفتے کے لیے اندرون و بیرون ضلع لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ نماز جنازہ، تدفین اور اس سے متعلق دیگر Eventsصرف فیملی کی حد تک محدود ہوں گے اور ایسے اجتماع کی صورت میں متعلقہ SHOکو پیشگی اطلاع دینا ہوگی اور نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے اشخاص کے درمیان 03فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا۔

اسی طرح شادی بیاہ کی تقریبات بھی نہیں ہوں گی۔ میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے ایک گاڑی پر صرف ایک اٹینڈنٹ کی اجازت ہوگی۔ ضروری سامان خریدنے کے لیے فیملی کا ایک ممبر باہر جائے گا۔ جبکہ معذور افراد کے ساتھ اضافی طور پر ڈرائیور کو جانے کی اجازت ہوگی۔ میڈیا کے لوگ لاک ڈاؤن کے حوالہ سے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت سے کوریج کریں گے۔ Grocery Shop، مچھلی، گوشت، سبزیات، LPGڈیلرز، بیکرز، میڈیکل سٹور اور ڈیری کی دوکانات صبح 08:00بجے تا شام 05:00بجے تک کھلی رہیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت، خوراک اور دیگر ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر خوراک کے ذخیرہ کو چیک کیا جائے گا اور بازروں میں غیر ضروری رش ہر گزنہ ہونے دیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر نیلم راجہ محمود شاہدنے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے فیصلہ پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

انتظامیہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات اس بات کا خیال رکھیں گے کہ لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے بلکہ ضرورت کے تحت غیر ضروری رش نہ ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح لوگوں کو کرونا وائر س سے بچانا ہے تاکہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ اس سلسلہ میں عوام سے گزارش ہے کہ وہ سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات سے مکمل تعاون کریں۔ باہر سے آنے والے افراد اپنا معائنہ کروائیں اور طبی ماہرین کی جانب سے کلیئرنس ملنے پر ہی اپنے گھر جائیں تاکہ انکے گھر والے اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس سلسلہ میں مثبت رپورٹنگ کرے۔ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے صرف متعلقہ ادارہ اس حوالہ سے سوشل میڈیا پر خبریں اور رپورٹس جاری کرے۔