موجودہ حکومت نے تمام شعبوں کے بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروائیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

پیر 18 مئی 2020 21:38

موجودہ حکومت نے تمام شعبوں کے بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروائیں، ..
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے، تمام شعبوں کے بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروائیں جس کی وجہ سے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوا، جن اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ماضی میں تصور نہیں کیا جاسکتا تھا وہ میگا منصوبے تعمیر کئے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اصلاحات اور اقدامات کئے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے دیئے جانے والی امدادی رقم کے تحت خصوصی افراد میں چیکس کی تقسیم اور کورونا وائرس سے بچاؤ اور تحفظ کیلئے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان اسمبلی نے قانون سازی کی ہے، ملک کے دیگر صوبوں نے بھی حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے خصوصی افراد کے فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی سے رہنمائی حاصل کی جو گلگت بلتستان کیلئے قابل فخر ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ کورونا وائرس کا چیلنج دنیا بھر کو درپیش ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے ہر ایک شخص کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سماجی دوری، ماسک کا استعمال اور دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ مارکیٹوں میں غیر ضروری رش اور حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے لوگ اپنے اور گھروں کی زندگیوں کو خطر ے میں ڈال رہے ہیں۔