وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائرلائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت

بدھ 20 مئی 2020 23:11

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائرلائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباء کے دوران بھی بھارت اپنی جارحیت سے باز نہیں آرہا ہے ۔

رمضان المبارک میں شہریوں پر فائرنگ انتہائی بزدلانہ عمل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی فوج انسانیت کی تمام حدیں کراس کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیز فائر لائن پر آباد کشمیری دفاع وطن کیلئے برسرپیکار ہیں وہ بھارتی اشتعال انگیزی سے ڈرنے والے نہیں اور مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کشمیر کے اندرکی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے خونی لکیر پر شہریوں کو نشانہ بنانے اور اُن کی جان و مال کو نشانہ بنارہا ہے ۔ بھارت کی بزدل فوج خونی لکیر پر شہریوں کو نشانہ بناکر دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔ دنیا اب بھارت کے مکروفریب کو جان چکی ہے ۔