مکہ مکرمہ میں اجتماعی تقریب منعقد کرنے پر 18 سعودی گرفتار

ان افراد نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کُھلے مقام پر ایک تقریب منعقد کی اور اس کی ویڈیوبھی سوشل میڈیا پر فخریہ پوسٹ کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مئی 2020 10:54

مکہ مکرمہ میں اجتماعی تقریب منعقد کرنے پر 18 سعودی گرفتار
مکہ مکرمہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2020ء) سعودی پولیس نے کرفیو اور اجتماعی تقریبات پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 18 سعودی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد کی گرفتاری ایک تقریب کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ان افراد نے کُھلے مقام پر ایک تقریب منعقد کی اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر فخریہ پوسٹ کی، جیسے انہیں کسی کا ڈر خوف نہ ہو۔

سعودی صارفین کی جانب سے ان افراد کے اجتماع پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ، کچھ صارفین نے اسے پولیس کو رپورٹ کر دیا۔ پولیس نے ویڈیو میں دکھائی دینے والے تمام افراد کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار نوجوانوں کی عمریں 15سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ مکہ مکرمہ میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے چوبیس گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے اور سعودی حکومت کی جانب سے پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جو تارکین وطن کورونا سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کریں گے، یا دکانوں کے اندریا باہرگروہوں کی صورت میں اکٹھے ہوں گے، انہیں مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور ان کے سعودیہ میں دوبارہ داخلے پر پابندی ہو گی ۔وزارت داخلہ کی جانب سے دُکانداروں اور ملازمین کے لیے کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق اگر کسی کاروباری مرکز میں مقررہ تعداد سے زائد افراد نظر آئے تو ہر زائد فرد کے حساب سے دُکاندار کو 5ہزار درہم فی کس کا جرمانہ کیا جائے گا، جس کی زیادہ سے زیادہ حدایک لاکھ ریال ہو گی، اوراس کی دکان تین ماہ کے لیے بند کر دی جائے گی۔

اگر کسی کاروباری مرکز کی جانب سے لوگوں کی مقررہ حد سے متعلق خلاف ورزی کو دہرایا جائے گا تو اس پر جرمانے کی رقم دگنی کر دی جائے گی تو چھ ماہ کے لیے دکان سِیل کر دی جائے گی۔ اس صورت میں دُکاندار سے دس ہزار فی کس کے حساب سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ جبکہ تیسری بار خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی دُگنی رقم وصول کرنے کے علاوہ ذمہ دار شخص کو گرفتار کر لیا جائے گا اور اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔

اگر ان خلاف ورزیوں میں کوئی غیر ملکی ملوث ہوا تو اسے فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ اور سزا کے طور پر اس کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشہوب نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات کی سختی سے پابندی کریں، اور کسی بھی جگہ پانچ سے زائد افراد ایک جگہ اکٹھے نہ ہوں۔ تاکہ کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ اگر کوئی شخص سماجی تقریب منعقد کرتا ہے یا ایسی کسی تقریب میں شرکت کرتا ہے تو دونوں صورتوں میں اسے جرمانے اور سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔