آزادکشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 8نئے کیسز سامنے آئے،

حکومت آزادکشمیر نے تین دن کیلئے بابرز شاپس / بیوٹی سیلونز کو کھلا رکھنے کی اجازت دیدی ، باقاعد ہ ایس او پی بھی جاری کر دیا گیا، ڈاکٹر مصطفی بشیر

جمعرات 21 مئی 2020 20:26

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر آئی ٹی و حکومتی ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 8نئے کیسز سامنے آئے،ان سب کا تعلق مظفرآباد سے ہے ۔ حکومت آزادکشمیر نے تین دن کیلئے بابرز شاپس / بیوٹی سیلونز کو کھلا رکھنے کی اجازت دیدی ہے اور اس کیلئے باقاعد ہ ایس او پی بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

باربرز شاپس اور بیوٹی سیلونز صبح آٹھ سے رات 12بجے تک کھلے رہیں گے ۔ آئسولیشن ہسپتال مظفرآبا د میں زیر علاج کرونا کے 16مریضوں کے ٹیسٹ نیگٹیو آئے ہیں انہیں آج ( جمعہ) کو ڈسچارج کر دیا جائے گا ۔کرونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونا خطرناک ہے عوام کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،آزادکشمیر میں کرونا کے کل کیسزکی تعداد166ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں تین درجن سے زائد معصوم شہریوں کے مکانوں کو نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔ بھارتی فوج طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی املاک تباہ کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ مظفرآباد میں کرونا کے جو نئے آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں یہ سب پہلے سے موجود کرونا کے مریضوں کے کنٹکٹ ہیں ۔

ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں اب 4659افراد کے کرونا کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 4343کے منفی آئے اور 166میں کرونا کی تصدیق ہوئی اور ان میں سے 79صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 86مختلف آئسولیشن ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 74آئسو لیشن ہسپتال مظفرآباد،سی ایم ایچ راولاکوٹ میں 3، ڈی ایچ کیو باغ میں 03، ڈی ایچ کیو میرپور میں6مریض زیر علاج ہیں ۔

تمام اضلاع میں59قرنطینہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر نے بابررز اور بیوٹی سیلون کو تین دن کے لیے کھولنے کی اجازت دیدی ہے اور اس سلسلہ میں ان شاپس ہولڈرز کو ایک ایس او پی بھی دیا گیا ہے جس پر سو فیصد عملدرآمد بنانا ضروری ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران کرونا کے کیسز بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔

شہریوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ حکومت نے پہلے بروقت لاک ڈائون کیا اور اس کے نتائج بھی سامنے آئے اور آزادکشمیر میں کرونا کا پھیلائو کافی حد تک کنٹرول میں رہا لیکن گزشتہ دود ہفتوں سے مسلسل کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس پر عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھیں ۔بازاروں میں جاتے وقت ماسک اور سینٹی ٹائزر کا استعمال کریں ۔