زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم غیرملکی طلباء و طالبات میں عید تحائف تقسیم

جمعہ 22 مئی 2020 23:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم غیرملکی طلباء و طالبات میں عید تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب نیوسنڈیکیٹ روم میں منعقد ہوئی جہاں فارن سٹوڈنٹس ایڈوائزر پروفیسرڈاکٹر طاہر صدیقی اور ٹریژر و رجسٹرار عمر سعید قادری نے ڈپٹی رجسٹرار تعلقات عامہ سید قمر بخاری کے ہمراہ غیرملکی طلبہ میں تحائف تقسیم کئے۔

اس موقع پر غیرملکی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ٹریژر و رجسٹرار عمر سعید قادری نے کہا کہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی قیادت میں یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے یہاں مقیم غیرملکی طلبہ کیلئے رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے مثالی اقامتی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ کرونا وائرس کے نتیجہ میں ہونیوالے لاک ڈائون اوربین الاقوامی پروازوں کی بندش کی وجہ سے غیرملکی طلبہ اپنے پیاروں سے ہزاروں میل دور گھر جیسی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے دنیا کے تمام معاشروں اور ممالک کو رنگ و نسل اور مذہب کی تمیز کئے بغیر متاثر کیا ہے اور بڑی بڑی معیشتوں کو اپنی ہولناکیوں میں جکڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف‘ تدریسی و انتظامی افسران و سٹاف نے اپنی جیب سے پندرہ لاکھ روپے سے زائد عطیات جمع کرکے لاک ڈائون کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے چھوٹے ملازمین کا ہاتھ تھاما ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ تدریسی و انتظامی افسران سے جمع ہونے والے فنڈز سے پہلے مرحلے میں ایسٹر کے موقع پر مسیحی ملازمین میں تحائف کئے گئے جس کے فوری بعد رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مسلمان ملازمین میں رمضان گفٹس ‘ ملبوسات اور عیدالفطر سے قبل ایک ہزار سے زائد چھوٹے ملازمین میں عید تحائف تقسیم کئے گئے تاکہ وہ عید کی خوشیوں کوبھرپور انداز میں منا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس لاک ڈائون کے دوران دنیا کے تمام ممالک میں لوگوں نے کسی بھی دوسری چیز کے مقابلے میں خوراک کی تلاش کوترجیح دی لہٰذا زرعی یونیورسٹی کے طالب علم ہوتے ہوئے انہیں اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ وہ خود کو اس پیشے کیلئے تیار کر رہے ہیں جس سے انسانیت کی بقاء منسلک ہے۔ فارن سٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر محمد طاہر صدیقی نے کہا کہ انہیں کرونا وائرس لاک ڈائون اور بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے نتیجہ میں غیرملکی طلبہ کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے تاہم یہ سمجھتے ہیں کہ یونیورسٹی میں انہیں گھر جیسی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کی مشکلات کوکسی حد تک کم کیا جا سکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران یونیورسٹی میں مقیم افغان طلبہ تو اپنے ملک روانہ ہوچکے ہیںتاہم افریقی ممالک کے ڈیڑھ درجن سے زائد طلبہ کا ہاسٹلوں میں قیام اس طرح آسان کیا جا سکتا ہے کہ ان کیلئے تمام سہولیات ادھر ہی مہیا کی جائیں۔ تقریب میں گیمبیا‘ سرالیون‘ بینین‘ نائیجر‘ صومالیہ اور نائجیریاکے طلباء و طالبات میں عید تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر غیرملکی طلبہ نے رمضان المبارک کے دوران سحری و افطاری کے مثالی انتظامات کے ساتھ ساتھ عید تحائف کی تقسیم پر یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔