سرگرمیاں معطل ،کلب اور قومی کپتان بابر اعظم کے کوچ پھل فروش بن گئے

کھیلوں کے میدانوں اور نوجوانوں کی ٹریننگ سے پیار ہے ،گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو تربیت دینا اچھا لگتا ہے، رانا صادق

ہفتہ 23 مئی 2020 13:52

سرگرمیاں معطل ،کلب اور قومی کپتان بابر اعظم کے کوچ پھل فروش بن گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) کورونا کے باعث کر کٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث دو کلبز اور قومی کپتان بابر اعظم کے کوچ پھل فروش بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق رانا صادق لاہور کی کارسن گراؤنڈ میں قائم پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو رجسٹرڈ کلبوں غلام قادر کلب اور ظفر میموریل کرکٹ کلب میں کوچنگ کے فرئض انجام دیتے ہیں تاہم کووڈ-19 کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کیا ہوئیں تو رانا صادق پھل فروش بن گئے ہیں۔

رانا صادق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کے مین بازار کے شروع میں ہی تازہ موسمی پھلوں کی ریڑھی سجاتے ہیں اور پھل فروخت کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔رانا صادق نے بتایا کہ وہ 15 برسوں سے کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، انہیں کھیلوں کے میدانوں اور نوجوانوں کی ٹریننگ سے پیار ہے جب کہ انہیں گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو تربیت دینا اچھا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

رانا صادق نے کہا کہ وہ ڈسڑکٹ انڈر 19 کے کوچ رہ چکے ہیں، وہ سینئر ڈسٹرکٹ گریڈ ٹو کوچ بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ نارتھ زون کے ساتھ منسلک ہیں لیکن اب اپنا اور بچوں کا پیٹ بھی تو پالنا ہے، کلب بند ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں تو روزگار کے لیے انہوں نے پھل فروخت کرنے شروع کردیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ ایج گروپ لیول پر سیکڑوں نوجوانوں کی ٹریننگ کر چکے ہیں، ان میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان بابرا عظم بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم جب انڈر 16 کرکٹ کھیل رہے تھے تو ان کی کوچنگ کی جب کہ حسین طلعت اور آغا سلمان کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں۔رانا صادق نے کہا کہ موجودہ دور میں پہلے ہی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے کی وجہ سے بے روزگاری پھیل رہی ہے، دوسری کسر اب کورونا وائرس نے نکال دی ہے، ہم تو کچھ اور نہیں مانگتے ، ہماری تو بس یہی درخواست ہے کہ لاک ڈاؤن کی ہر جگہ نرمی ہو رہی ہے کھیلوں کے میدانوں کے لیے بھی اس میں نرمی ہونی چاہیے تاکہ ہم بھی اپنی سرگرمیاں شروع کریں اور عزت سے اپنا روز گار کما سکیں۔