وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ڈاکٹر اختر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، وزیر توانائی نے آج وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی تھی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 15:58

وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ڈاکٹر اختر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، وزیر توانائی نے آج وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے وزیر توانائی نے ہلکا سا بخار محسوس کرنے پر اپنا ٹیسٹ کروایا تو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ جس کے بعد وزیر توانائی نے اپنے آپ کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔

وزیر توانائی نے اپنے باقی گھر والوں کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے ہیں۔ خاندان کے باقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آج شام تک آ جائے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک نے اپنے چاہنے والوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاوں کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی تھی۔

امکان ہے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرتوانائی کے دفتر کے لوگ بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، لاک ڈاؤن کھولنے کے بعد مارکیٹس اور بازاروں میں لوگوں کا عید کی خریداری کیلئے رش لگا ہوا ہے۔ جس سے کورونا وائرس مزید تیزی اور شدت کے ساتھ پھیلنے کا خدشہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہزار683، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 52 ہزار437 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1743نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 34 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1101ہوگئیں ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 18ہزار730تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں 20 ہزار883 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 7ہزار391اور اسلام آباد میں 1457ہوگئی، بلوچستان میں 3198, گلگت بلتستان میں607کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 171ہوگئی۔ مٴْلک بھر میں اب تک 16ہزار 653 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ کورونا وائرس سے سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 1101تک پہنچ گئی۔