لالہ موسیٰ، دوستوں میں اختلافات ختم کرانے کیلئے پل کا کردار ادا کرنے والے قابل تحسین ہوتے ہیں، قمر زمان کائرہ

ہفتہ 23 مئی 2020 16:21

لالہ موسیٰ، دوستوں میں اختلافات ختم کرانے کیلئے پل کا کردار ادا کرنے ..
لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اختلافات زندگی کی علامت ہوتے ہیں، اگر حد میں رہیں تو بہن بھائیوں میں بھی اختلافات ہو جاتے ہیں اور مخالفوں میں بھی، اگر مخالفوں میں دشمنیاں بڑھ جائیں تو وہ ختم نہیں ہوتیں۔ ضلع گجرات کے تمام عہدیداران ، ممبران ، کارکنان پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں اور جو لوگ دوستوں میں اختلافات ختم کرانے کیلئے پل کا کردار ادا کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے گھر پیپلز ہائوس میں اکٹھے ہوئے ہیں۔ جماعتوں پر مشکل وقت آجاتا ہے۔ ہم سب مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔ مشکل وقت میں بہت سارے لوگ ساتھ بھی چھوڑ جاتے ہیں اور وہ حوصلے ہار جاتے ہیں اور جو حوصلے نہیں ہارتے وہی مشکل وقت کے ساتھی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں فخر مشتاق پگانوالہ اور ثمینہ فخر مشتاق پگانوالہ کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں کھویا ہوا وقار حاصل کرے گی۔ چیئرمین آصف علی زرداری صحت مند ہیں میری ان سے بات چیت ہوتی ہے۔ پانچ دن پہلے بھی ملکی سیاسی صورتحال پر ان سے تفصیلاً گفتگو ہوئی ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسی جماعت ہے کہ یہ جب سے بنی ہے اسے ختم کرنے کی سازشیں کی گئی ہے۔

بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید سے لے کر بے نظیر بھٹو شہید کو کمزور کرنے کی بہت سازشیں ہوئیں اور جب بھی ہمیں حکومتیں ملیں غیر آئینی طریقے سے ہماری حکومتوں کو گرانے کی کوشش کی گئی اور ہماری جماعت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی مگر آج بھی ہماری جماعت چاروں صوبوں میں مضبوط ہے۔ کچھ قوتوں نے اسے سندھ تک محدود کرنے کی کوشش کی۔ پنجاب میں نوازشریف کے ذریعے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

مشکل وقت میں ہمارے کارکنوں کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ کوڑے مارے گئے، بھٹو کو پھانسی دی گئی۔ پیپلز پارٹی کو ہر سطح پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ قوتیں لوگوں کے دلوں سے بھٹو ازم کو نہیں نکال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں۔ آصف علی زرداری بھی انسان ہیں ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں۔ سابق ادوار میں ہم نے ملک کی ترقی کے لئے بہت زیادہ کام کیا۔