محکمہ صحت سندھ کی طیارہ حادثہ رپورٹ تیار

جاں بحق ہونے والوں میں میں 26 خواتین، 68 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، تمام 97 میتوں کے پوسٹ مارٹم بھی مکمل

ہفتہ 23 مئی 2020 16:49

محکمہ صحت سندھ کی طیارہ حادثہ رپورٹ تیار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ روز کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کی رپورٹ تیار کرلی۔محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے بعد 66 میتیں جناح اور 31 سول اسپتال پہنچائی گئیں، ایک زخمی سول اور دوسرا دارالصحت اسپتال میں زیرِعلاج ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق اب تک 97 میتوں کے ڈی این اے کے نمونے لیے جا چکے ہیں، 66 افراد کے جناح اور 31 کے سول اسپتال میں ڈی این اے سیمپل لیے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں میں 26 خواتین، 68 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، تمام 97 میتوں کے پوسٹ مارٹم بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی میں اب تک 40 لواحقین کے ڈی این اے کے نمونے لیے جا چکے ہیں۔