مذہبی شخصیات نے فواد چوہدری کا کل عید کا اعلان مسترد کردیا

فواد چوہدری کی بات کا اعتبار نہیں،سائنس نہیں رویت ہلال کمیٹی کا اعتبار کریں گے۔ مذہبی شخصیات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 مئی 2020 16:57

مذہبی شخصیات نے فواد چوہدری کا کل عید کا اعلان مسترد کردیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) مذہبی شخصیات نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کل عید کا اعلان مسترد کردیا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق کل اتوار کو پاکستان میں عید الفطر ہوگی، تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے،گزشتہ روز سے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے ،مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہیے،تاہم مذہبی شخصیات نے فواد چوہدری کے دعوے کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سائنس نہیں رویت ہلال کمیٹی کا اعتبار کریں گے۔معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد نعیم کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی بات کا کوئی اعتبار نہیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کو کوئی اور محکمہ دینا چاہیے تاکہ بولنے کا زیادہ موقع ملے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلی ایاز کا کہنا ہے کہ پشاور میں آج تیس روزے مکمل ہوگئے ہیں۔مفتی فاروق القادری کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری پریس کانفرنس کا مقصد قوم میں تذبذب پیدا کرنا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق عید منائی جائے گی۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے ،شہادت اور رویت کیلئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے ،وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ پیر نورالحق قادری نے کہاکہ فواد چودھری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں ، مگر عید کا فیصلہ علما کرام ہی کریں گے ۔