چین اور بھارت کے درمیان جنگ کا امکان ہے ، صدر آزاد کشمیر

بھارتی عزائم کو دیکھتے ہوئے چین نے صف بندی کی ہے،جنگ آسان کام نہیں ہے، سردار مسعو د خان

بدھ 27 مئی 2020 22:26

چین اور بھارت کے درمیان جنگ کا امکان ہے ، صدر آزاد کشمیر
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے چین اور بھارت کے درمیان جنگ کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عزائم کو دیکھتے ہوئے چین نے صف بندی کی ہے۔ایک انٹرو یومیں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پانچ اگست کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارت نے کئی بار دھمی دی کہ آزاد کشمیر پر بھی حملہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سردار مسعود خان نے کہا کہ جنگ آسان کام نہیں ہے لیکن انڈیا کی انتہا پسند جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسند چین پر حملہ کرنے کی بات کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور پاکستان کی وجہ سے ہوا۔ چین نے سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مدد کی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ چین جنگ نہیں چاہتا لیکن ہر قسم کی تیاری ہے۔ بھارت لداخ میں چین کے خلاف محاذ آرائی کر رہا تھا۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری چین کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، وہ کسی بھی صورت سی پیک کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔